اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تیونس کی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی کے امور کے انچارج رضا صفر نے اخبار التونسیہ سے گفتگو میں کہا ہے کہ شام میں سرگرم عمل تیونسی دہشتگردوں کی تعداد، تقریبا دو ہزار آٹھ سو ہے جن میں سے ایک ہزار چھے سو آٹھ دہشتگرد، ابھی زندہ ہیں جبکہ چھے سو ہلاک اور پانچ سو اڑسٹھ دہشتگرد تیونس واپس پہنچ چکے ہیں- انھوں نے کہا کہ وطن واپس پہنچنے والے بعض دہشتگردوں کو عدالت کے سپرد کیا جاچکا ہے اور بعض دیگر سیکیورٹی ادارے کی نگرانی میں ہیں- تیونس کی وزارت داخلہ کے اس سیکیورٹی عہدیدار نے کہا ہے کہ ابتک کوئي دس ہزار تیونسی افراد کو شام جانے سے روکا جاچکا ہے- انھوں نے کہا ہے کہ تیونس کے نوّے فیصد دہشتگرد، داعش دہشتگرد گروہ میں شامل ہوچکے ہیں اور اس بات کے پیش نظر کہ داعش دہشتگرد گروہ کی جانب سے اس گروہ میں شامل ہونے والے دہشتگردوں کی ضروریات کو تیزی سے پورا کیا جاتا ہے اسلئے اس دہشتگرد گروہ میں شامل ہونے والے افراد کی تعداد القاعدہ گروہ میں شامل ہونے والے دہشتگردوں سے، کہیں زیادہ ہے-
۔۔۔۔۔۔۔
/169