اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق اور شام ميں جنگ جاری رکھنے کی اسٹریٹیجی کا جائزہ لینے کی غرض سے داعش مخالف عالمی – عربی اتحاد کا خصوصی اجلاس جمعرات کو لندن میں ہو رہا ہے۔ عراقی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق لندن اجلاس میں داعش کے خلاف جنگ کی کوششوں اور عراق سمیت علاقے اور دنیا کے دوسرے مملکوں کے لئے داعش کے خطرے کا جائزہ لیا جائے گا- عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے جو اس اجلاس میں شرکت کے لئے برطانیہ گئے ہوئے ہیں، اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکی قیادت میں قائم ہونے والے اتحاد نے عراقی فورسز کو ٹریننگ اور جدید ترین اسلحہ دینے جیسے کلیدی وعدوں پر عمل کے سلسلے میں کوئي پیشرف نہيں کی ہے۔ حیدرالعبادی نے کہا کہ عراقی حکومت غیرملکی فوجیوں کی موجودگی کی خواہاں نہيں ہے بلکہ صرف داعش کے خلاف جنگ میں حمایت کی خواہاں ہے- عراق میں داعش کے اقدامات میں شدت آنے اور شام وعراق میں امریکی مفادات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد مغربی انٹیلیجنس اداروں کے پروردہ داعش کے خلاف امریکہ کی قیادت میں اتحاد تشکیل دیا گیا- عراق میں داعش کے اقدامات بڑھنے کے بعد بزرگ علماء اور مراجع کرام کی دعوت پر عراقی فوج کی مدد و حمایت کے لئے عوامی رضاکار فورس تشکیل پائي اور آج فوج ، قبائل اور رضاکارفورس داعش کے مقابلے سیسہ پلائي دیوار کی مانند کھڑی ہوئي ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲