6 جنوری 2015 - 13:59
امریکی سفیر کی نواز شریف سے ملاقات

امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے ۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی ہے ۔اس ملاقات میں، رواں ماہ میں امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری کے متوقع دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ایک مختصر سرکاری بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق اُمور بھی زیر بحث آئے۔پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم یہ کہہ چکی ہیں کہ رواں ماہ میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے اسٹرایٹیجک مذاکرات کا اگلا دور ہو گا جس میں جان کیری بھی شرکت کریں گے۔ طویل المدت شراکت داری کے اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت دونوں ملکوں کی طرف سے تشکیل کردہ ورکنگ گروپوں کی سطح پر توانائی، دفاع، سلامتی سے متعلق امور اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کے بارے میں مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے 2013ء کے اواخر میں امریکہ کا سرکاری دورہ کیا تھا اور پاکستانی عہدیداروں کے مطابق صدر براک اوباما اور وزیراعظم نواز شریف کے درمیان ملاقات سے ایک دوسرے کے موقف کو سمجھنے میں مدد ملی جس سے دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے ایک نئی سمت کے تعین میں مدد ملی۔گزشتہ نومبر میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بھی امریکہ کا طویل دورہ کیا تھا۔

.......

/169