اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی دو ریاستوں جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کا منگل کو اعلان کردیا گيا۔ جموں و کشمیر میں کسی بھی پارٹی کو اکثریت نہیں ملی ہے البتہ پی ڈی پی کو سب سے زیادہ 28 سیٹیں ملی ہیں جبکہ جھارکھنڈ ریاست میں بی جے پی اتحاد نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اس اتحاد کو 42 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ جموں و کشمیر اسمبلی میں 87 نشستیں ہیں اور جھارکھنڈ اسمبلی کی 81 نشستیں ہیں۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے دو نشستوں سے انتخاب لڑا تھا جن میں ایک حلقے سے وہ انتخاب جیت گئے ہیں جبکہ ایک انتخابی حلقے میں ان کو شکست ہوئي ہے۔ جموں و کشمیر میں بی جے پی دوسرے نمبر پر رہی ہے، اس کو 25 سیٹیں ملی ہیں۔ جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ ریاستوں میں حال ہی میں پانچ مرحلوں میں ریاستی انتخابات ہوئے تھے۔ ان انتخابات کا پہلا مرحلہ 25 نومبر کو جبکہ پانچواں اور آخری مرحلہ 20 دسمبر کو انجام پایا تھا۔ اس بار دونوں ہی ریاستوں میں ریکارڈ پولنگ ہوئي تھی۔
.......
/169