20 دسمبر 2014 - 11:05
یمن میں تشدد کے واقعات، چار افراد ہلاک

یمن کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والے دو علیحدہ علیحدہ حملوں میں اس ملک کے چار فوجی ہلاک ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں ہونے والے دو علیحدہ علیحدہ حملوں میں اس ملک کے چار فوجی ہلاک ہوگئے۔ یمن کے ایک فوجی ذریعے کا کہناہے کہ مسلح افراد نے یمن کے جنوبی صوبے حضرموت میں ایک فوجی گاڑی پر دستی بم سے حملہ کیا جس میں تین یمنی فوجی ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوئے۔اس ذریعے نے اس حملے کا ذمہ دار، القاعدہ کو قرار دیا۔ ایک اور فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ یمن کے مشرقی صوبے مآرب میں المطار کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک فوجی افسر کو ہلاک کردیا۔ اس فوجی افسر کو اس کے گھر کے سامنے ہلاک کیا گیا۔ ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یمن میں امن کی برقراری میں اس ملک کی سیکیورٹی فورسیز کی کمزور کارکردگی کے پیش نظر اس ملک کے مختلف علاقوں میں بدامنی کا دائرہ وسع ہوتاجارہا ہے جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ یمن کی حکومت، اس قسم کے حملوں کا ذمہ دار، القاعدہ عناصر کو قرار دیتی ہے۔ جمعے کے روز بھی یمن میں القاعدہ سے وابستہ انصارالشریعہ نامی گروہ نے صوبے حضرموت میں یمن کے تین فوجیوں کو ہلاک اور پانچ دیگر کو زخمی کرنے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲