اہل بیت(ع) نیوزایجنسی۔ابنا۔ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کی جانب سے جنیوا سمجھوتے کی مدّت میں توسیع کئے جانے کے بعد امریکہ کی وزارت خزانہ نے آئندہ سال یکم جولائی تک ایران کے خلاف بعض پابندیوں کو معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق امریکی وزارت خزانہ نے آج ایک بیان میں کہا ہے کہ اس بات کے پیش نظر کہ جامع جوہری سمجھوتے کے حصول کیلئے مذاکرات کی مدّت، آئندہ سال یکم جولائی تک بڑھادی گئی ہے، جنیوا سمجھوتے کی مدّت میں توسیع کی بنیاد پر ایران کے خلاف بعض پابندیوں کو بھی یکم جولائی تک معطل رکھے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جنیوا میں گذشتہ سال چوبیس نومبر کو ایک ابتدائی سمجھوتہ طے پایا تھا جس کی بنیاد پر اس سال چوبیس نومبر تک جامع جوہری سمجھوتہ طے کیا جانا تھا مگر بعض مسائل کو دیکھتے ہوئے اس سمجھوتے کے حصول کی مدّت میں آئندہ سال یکم جولائی تک کی توسیع کردی گئی ہے جس کی بناء پر ایران کے خلاف پابندیوں کو معطل رکھے جانے کی مدّت بھی آئندہ سال یکم جولائی تک بڑھادی گئی ہے۔اس سے قبل منگل کے روز یورپی یونین نے بھی ایک بیان میں ایران کے خلاف اپنی بعض پابندیوں کو آئندہ سال یکم جولائی تک معطل رکھے جانے کا اعلان کیا تھا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲