19 اکتوبر 2014 - 12:36
خالد العییدی عراق کے نئے وزیر دفاع منتخب

عراق کے نئے وزیر دفاع نے كردستان علاقے کے حکام سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو مرکزی حکومت کے حوالے کریں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خالد العییدی نے ہفتہ کی رات كردستان علاقے کے حکام سے کہا کہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے مرکزی حکومت کے حوالے کریں کیونکہ یہ لوگ عراق کے مختلف شہروں کی سیکورٹی کے لیے سنگین خطرہ سمجھے جاتے ہیں۔

عراقی وزیر دفاع نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے ان جرائم کی سزا ضرور ملنی چاہئے جو انہوں نے ملک اور عوام پر کئے ہیں۔
ادھر عراق کے کردستان علاقے کی مقامی پارلیمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ ماہ داعش کے ساتھ تیل کے لین دین کے معاملے میں کچھ حکام کے ملوث ہونے کے مسئلے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ كردستان کی پارلیمنٹ کے پاس اس بات کے پختہ ثبوت ہیں کہ کچھ حکام نے داعش کے ساتھ تیل کی لین دین کا معاملہ کیا ہے۔
اس سے قبل کچھ ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں آئی تھی کہ كردستان کے کچھ حکام نے داعش کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرکے داعش کے لئے پڑوسی ممالک بالخصوص ترکی کے لئے تیل برآمد کے عمل کی زمین ہموار کی تھی۔

.......

/169