اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراقی صدر فواد معصوم نے بغداد میں اپنی رہائشگاہ پر امریکی سفیر سے گفتگو میں شام کے سرحدی شہر کوبانی پر داعش دہشتگرد گروہ کے حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس شہر میں داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف امریکہ کی زیر قیادت تشکیل پانے والے اتحاد کی جانب سے سخت کاروائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انھوں نے کرد آبادی کے اس شہر کی خطرناک صورت حال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوبانی کی صورت حال سے عراق و شام اور پورے علاقے کی سیکیورٹی کی صورت حال پر گہرا اثر پڑسکتا ہے۔ شام کا یہ شہر ترکی کی سرحد کے قریب واقع ہے جہاں داعش دہشتگرد گروہ نے وحشیانہ جارحیت کا ارتکاب کیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ نے کہا ہے کہ کوبانی شہر کے سقوط کے بارے میں اسے کوئی تشویش نہیں ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع شام کے شہر کوبانی پر داعش دہشتگرد گروہ کے قبضے پر کوئی خاص تشویش نہیں ہوگی۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ کوبانی کے ممکنہ سقوط پر نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر گہری تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔
.......
/169