2 ستمبر 2014 - 09:37
جواد ظریف اور کتھرین اشٹن ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے علاقے میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے فروغ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات اور جوہری مذاکرات کو پیر کے دن ایران کے وزیر خارجہ اور یورپی یونین کی خارجہ تعلقات شعبے کی سربراہ کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دو اہم محور قرار دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ تعلقات شعبے کی سربراہ کتھرین اشٹن نے بریسلز میں ہونے والی دوجانبہ ملاقات میں علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں خاصطور سے عراق میں دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیوں کا جائزہ اور علاقے میں دہشتگردی اور انتہاپسندی کے فروغ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا اور تاکید کی کہ اس دائرے میں مزید صلاح مشوروں کی ضرورت ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دونوں فریق نے اسی طرح رواں مہینے میں طے شدہ پروگرام کے مطابق ہونے والے جوہری مذاکرات کے حوالے سے گفتگو کی اور رواں مہینے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر منعقد ہونے والے جوہری مذاکرات کے لئے ضروری ہماہنگی کے حوالے سے تبادلہ کیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور یورپی یونین کی خارجہ تعلقات شعبے کی سربراہ نے اس ملاقات میں جوہری مذاکرات میں حاصل ہونے والی پیشرفت اور ایران اور پانچ جمع ایک کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور جامع سمجھوتے کے حصول کے طریقے کار کے بارے میں گفتگو کی اور مذاکرات کے گذشتہ ادوار کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ، یورپی یونین کی خارجہ تعلقات کے شعبے کی سربراہ کتھرین اشٹن کے ساتھ ملاقات کے لئے، پیر کی صبح بریسلز پہنچے تھے۔

.......

/169