13 اگست 2014 - 12:49
فوج سے سیاست سے دور رہنے کی اپیل

عراق کے وزیر اعظم نوری مالكی نے کہا ہے کہ فوج سیاست سے دور رہے اور ملک کی حفاظت کے اپنے فریضے پر توجہ دے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نوری مالكی نے فوج اور سیکورٹی فورسز کے کمانڈروں اور سینئر افسروں کے اجلاس میں کہا کہ فوج کو سیاسی بحران سے دور رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران کا مسئلہ عوام، سیاستدانوں اور عدلیہ پر چھوڑ دینا چاہئے۔ نوری مالكي نے دہشت گردی کے خلاف فوج کی موجودہ جدوجہد کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں عراقی عوام، پورا علاقہ اور دنیا ایک ساتھ ہیں اور اس مسئلے میں مسلم، عیسائی، عرب، کرد اور تركمن میں کوئی فرق نہیں ہے۔ اجلاس میں نوری مالكی نے کہا کہ یہ ملک ہمارے ہاتھ میں امانت ہے اور ہمارا فرض ہے کہ سوجھ بوجھ اورمضبوطی کے ساتھ اس کی حفاظت کریں۔

نوری مالكی نے اس کے ساتھ ہی کہا کہ آئین کی خلاف ورزی کے مسئلے میں عدلیہ کو اپنا کام کرنا چاہئے اور جہاں پر غلطی ہوئی ہے اسے آئین کے مطابق ٹھیک کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی پیروی کرنا ضروری ہے۔

عراق کے صدر فؤاد معصوم نے حیدر العبادي کو حکومت بنانے کی دعوت دی ہے جبکہ اپریل میں ہونے والے انتخابات میں نوری مالكي کا اتحاد سب سے بڑا پارلیمانی دھڑا بن کا سامنے آیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نوری مالكی صدر معصوم کے قدم کو غیر آئینی سمجھتے ہیں۔

.......

/169