اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے نيشنل الائنس نے آئندہ وزيراعظم کے نام پرعرصے تک بحث و مباحثے اور سياسي کشمکش کے بعد پير کو نيشنل الائنس کے ايک رہنما اور حکومت قانون دھڑے کے سينئررکن حيدرالعبادي کو اس عہدے کے لئے نامزد کرديا ہے -
نيشنل الائنس کے اس فيصلے کے بعد عراق کے صدر فواد معصوم نے بھي حيدرالعبادي کو حکومت سازي کي دعوت دي -
حيدر العبادي نے حکومت سازي کي ذمہ داري ملنے کے بعد کہا کہ وہ آئندہ ہفتے صاف ستھري شبيہ اور اہليت رکھنے والوں پر مشتمل نئي کابينہ تشکيل دے ديں گےاور اس سلسلے ميں وہ کوئي تاخير نہيں کريں گے -
واضح رہے کہ حيدرالعبادي کے پاس اپني کابينہ تشکيل دينے کے لئے ايک مہينے کا وقت ہے -
حيدرالعبادي نے وزيراعظم کے لئے نامزد ہونے کے بعد اپنے پہلے بيان ميں ملک سے دہشت گردوں کو نکال باہر کرنے کے لئے عراقي عوام کے اتحاد پر زور ديا - عراق ميں پچھلے کئي مہينے سے داعش کے دہشت گردوں نے شمالي علاقوں ميں خاص طور پر بدامني پھيلا رکھي ہے -
اس درميان عراقي پارليمنٹ کے سينئر ڈپٹي اسپيکر حيدر العبادي کے بطور وزيراعظم انتخاب کا ملکي علاقائي اور عالمي سطح پروسيع انعکاس ہوا ہے -
صدر دھڑے کے سربراہ مقتدي صدر نے اپنے بيان ميں سبھي سياسي جماعتوں اور دھڑوں سے کہا ہے کہ وہ حيدرالعبادي کي قيادت ميں ايک نئي کابنيہ کي تشکيل ميں تعاون کا مظاہرہ کريں - مقتدي صدر نے عراقي عوام سے کہا ہے کہ وہ صبر و تحمل سے کام ليں - انہوں نے کہا کہ حيدرالعبادي کو حکومت سازي کي ذمہ داري سونپا جانا ايک اہم ترين اقدام تھا جو عراقي عوام کو تحفظ فراہم کرسکتا ہے -
اس درميان مجلس اعلائے اسلامي کے ايک رکن فادي الشمري نے بتايا ہے کہ عراق کے قومي گروہوں کے اتحاد نے جس کي قيادت اسامہ النجيفي کررہے ہيں اور جوسني سياسي پارٹيوں کا سب سے بڑا دھڑا ہے اعلان کيا ہے کہ وہ آئندہ ہفتے حيدرالعبادي کو پارليمنٹ ميں اعتماد کا ووٹ دے گا تاکہ وہ زيادہ آساني کے ساتھ کابينہ تشکيل دے سکيں -
ليکن دوسري طرف عراق کے موجودہ وزيراعظم نوري مالکي نے حيدرالعبادي کو وزيراعظم کے عہدے کے لئے باضابطہ طور پر نامزد کئے جانے اور اس ا قدام کي امريکا کي طرف سے کي جانے والي حمايت کے ردعمل ميں کہا ہے کہ حيدرالعبادي کو وزيراعظم مقررکيا جانا امريکا کي حمايت سے آئين کي خلاف ورزي ہے -نوري مالکي نے کہا کہ عراقي صدر نے پارليمنٹ ميں سب سے بڑے دھڑے کي طرف سے وزيراعظم کے عہدے کے لئے نامزد کئے گئے شخص کو حکومت سازي کي دعوت نہيں دي اور اس کے برخلاف حيدرالعبادي کو حکومت سازي کي ذمہ داري سونپنا بے معني ہے کيونکہ يہ اقدام ملک کے آئين سے ہٹ کر کياگيا ہے -
دوسري طرف وزيراعظم کے عہدے کے لئے حيدرالعبادي کو نامزد کئے جانے پر دنيا کے مختلف ملکوں اور اقوام متحدہ نے مثبت ردعمل ظاہرکيا ہے -
امريکي صدر باراک اوباما نے اس بات پر زور ديتے ہوئے کہ عراق کے بحران کو حل کرنے کے لئے امريکا کے پاس کوئي فوجي حل نہيں ہے کہاکہ حيدرالعبادي کو وزيراعظم کے طور پر نامزد کيا جانا ايک اميد افزا فيصلہ ہے اور اس سے عراق کي مشکلات کو حل کرنے ميں مدد ملے گي-
برطانوي وزيرخارجہ فليپس ہاموند نے بھي حيدرالعبادي کو وزيراعظم بنانے پر عراقي صدر فواد معصوم کے فيصلے کا خير مقدم کرتے ہوئے ملک ميں ايک وسيع البنياد کابينہ کي جلد سے جلد تشکيل کي ضرورت پر زور ديا ہے -
فرانسيسي صدر اولينڈ کے دفتر سےجاري ہونےوالے بيان ميں کہا گيا ہے کہ حيدرالعبادي کو چاہئے کہ وہ جلد سے جلد قومي اتحاد کي نئي کابينہ تشکيل ديں-
اقوام متحدہ کے سکريٹري جنرل بان کي مون نے بھي حيدرالعبادي کو وزيراعظم بنائے جانے کي تعريف کرتے ہوئے کہا کہ عراق ميں جلد سے جلد سبھي سياسي جماعتوں پر مشتمل کابينہ تشکيل پاني چاہئے-
سياسي مبصرين کا کہنا ہے کہ عراق کي موجودہ صورتحال اور ملک ميں دہشت گردوں کے حملوں کے پيش نظر اس وقت سب سے زيادہ ضرورت اپنے سياسي اختلافات کو بالاے طاق رکھنا اور قومي اتحاد کي ہے تاکہ نئي حکومت ملک ميں امن و استحکام قائم کرسکے -
.......
/169