ابنا: شمالی افغانستان کے مقامی حکام نے آج بتایا ہےکہ مقامی وقت کے مطابق صبح دس بج کر بیس منٹ پر خواجہ غار نامی علاقے کے ایک بازار میں بم دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ عام شہری ہلاک اور اکیس زخمی ہوگۓ ہیں۔ بم ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گيا تھا۔ ابھی تک کسی گروہ نے اس دھماکے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے لیکن قیاس آرائي کی جارہی ہے کہ یہ دھماکہ طالبان نے کیا ہے۔ دوسری جانب افغانستان کے صوبۂ ہلمند میں طالبان کا ایک سرغنہ قاری سیدو اپنے تین محافظوں کے ساتھ ہلاک ہوگيا ہے۔ صوبۂ ہلمندکے گورنر کے پریس آفس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آيا ہے کہ گزشتہ روز غیر ملکی فوجیوں نے اس صوبے میں فضائي حملہ کیا جس کے نتیجے میں طالبان کا سرغنہ قاری سیدو اور اس کے تین محافظ ہلاک ہوگۓ ۔ قاری سیدو گرمسیر کے علاقے میں کی جانے والی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھا۔ ادھر مغربی افغانستان میں واقع صوبۂ ہرات میں نامعلوم مسلح افراد نے دو غیر ملکی خواتین کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق افغانستان میں سنہ دو ہزار چودہ کے پہلے چھ مہینوں کے دوران بم دھماکوں اور جھڑپوں میں ایک ہزار پانچ سو ساٹھ سے زیادہ عام شہری ہلاک اور تین ہزار دوسو نوے زخمی ہوئے ہیں۔
.......
/169