14 جولائی 2014 - 12:18
تصویر : داعش کا ڈاکٹر ہلاک

دہشتگرد گروپ داعش میں شمولیت اختیار کرنے والا سعودی ڈاکٹر فیصل بن شامان ہلاک

ابنا: سعودی عرب میں طب کے پیشے کو ترک کر کےدہشت گرد تنظیم دولت اسلامی عراق وشام [داعش] میں شامل ہونے والے نوجوان ڈاکٹر کی اچانک موت پر اس کے اہل خانہ صدمے سے نڈھال ہیں۔ڈاکٹر فیصل بن شامان الغنزی کی ہلاکت کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ وہ شام و عراق کے محاذ جنگ پر مارا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے ہی ڈاکٹر شامان الغنزی کی موت کی اطلاع ملی ہے۔ اس کی موت کے بارے میں دو الگ الگ خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ایک خبر میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر الغنزی نے بارود سے بھری ایک کار کے ذریعے خودکش دھماکہ کیا جس کے نتیجے میںوہ ہلاک ہو گیا اور دوسری خبر میں بتایا گیا ہے کہ الغنزی داعش کے اہم رہ نماؤں کے علاج معالجے پر مامور تھا کہ اچانک ایک مرکز پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں کئی دوسرے جنگجوؤں کے ساتھ وہ بھی مارا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل اسی نوعیت کے ایک دوسرے واقعے میں انیس سالہ یزید الشقیران کی ہلاکت کی خبر نے سعودی شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ یزید گذشتہ برس گریجوایشن مکمل کرنے کے بعد داعش میں شمولیت کے لیے چپکے سے شام چلا گیا۔
وسط جون 2014ء کو اس کی ہلاکت کی خبر آئی تاہم اس کے کفن دفن کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ یزید کی ہلاکت کی خبر اس کے والدین پر بجلی بن کر گری اور وہ ابھی تک اس صدمے سے باہر نہیں آ سکے.

.......

/169