اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری نے فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور ہندوستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کے خلاف آواز بلند کریں۔
امیر جماعت اسلامی ہند نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب فلسطین ہی نہیں بلکہ پورا عالم اسلام رمضان المبارک کی عبادات کے مقدس فریضے کی ادائیگی میں مشغول اور اپنے ربّ کے حضور سجدہ ریز ہے اسرائیل کی ارض انبیاء فلسطین میں بمباری اور معصوموں کی ہلاکت صرف اہل فلسطین ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کی اسلامی برادری کے دلوں کو مجروح کررہا ہے۔
مولانا جلال الدین عمری نے کہا کہ اگرچہ اسرائیل کا غیر اخلاقی اور غیر قانونی اقدام عمل و انصاف کے جملہ تقاضوں کے منافی ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ فلسطین کے پڑوس میں اس وقت اس کی اخلاقی مدد کرنے والی کوئی مضبوط و مخلص مسلم مملکت موجود نہیں ہے ۔ تاہم اہل فلسطین کو چاہئے کہ خود کو تنہا نہ محسوس کریں دنیا کے تمام حق و انصاف پسند عوام کی ہمدردیاں اور جذبات کی مضبوط قوت ان کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جابر و سفاک اسرائیل کی تمام تر دہشتگردیوں کے مقابلہ میں اہل فلسطین کی اپنے حقوق کے حصول کی 65 سالہ بے مثال جدوجہد ضرور کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک ہندوستان کو بھی اسرائیل کے دام فریب میں نہ آکر فلسطین کے سلسلے میں تعاون و یگانگت کی اپنی دیرینہ روش کا مظاہر ہ کرنا چاہئے جو ہمارے اخلاقی اور سیاسی مفاد میں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲