14 جولائی 2014 - 08:53
لیبیا میں ناامنی جاری، جنگ بندی کی اپیل

لیبیا کی عبوری حکومت نے متحارب گروپوں سے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق، لیبیا کی عبوری حکومت نے ایک بیان جاری کرکے بنغازي میں متحارب گروہوں سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔اس بیان میں ملک کے سیکورٹی دستوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے قومی فرائض کی ادائیگی کرتے ہوئے بنغازي کی سڑکوں پر پہنچ کر اس شہر میں امن و سلامتی قائم کرنے کے لئے کوشش کریں۔

لیبیا کی عبوری حکومت کے اس بیان میں کہا گیا ہے کہ بنغازي شہر میں طویل عرصے سے بدامنی پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے وہاں پر بہت سے عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

دوسری جانب لیبیا کے مسلح گروپوں کے اتحاد نے دارالحکومت طرابلس کے ہوائی اڈے پر حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔فرانس پریس کے مطابق مسلح جماعتوں کے اتحاد کے کچھ گروہ طرابلس ہوائی اڈے میں داخل ہوگئے جہاں پر دیگر مسلح گروہوں سے ان کی جھڑپ شروع ہوئی۔جس کی وجہ سے بہت سی پروازوں میں رکاوٹیں آئیں۔

.......

/169