اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ۔ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی مختلف جماعتوں اور پارٹیوں کے حامیوں اور اراکین نیز شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے کل شہر کراچی ميں اجتماع کرکے فوج کی کاروائی کی حمایت کی اور اس ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔ اس سے قبل بھی پاکستان کے ایک سو سے زائد علماء نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری فوجی کاروائی کو جہاد سے تعبیر کیا تھا ۔ ادھر آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان کے اپنے دورے پر آپریشن کے لیے پوری قوم کی حمایت کی تعریف کی اور وعدہ کیا کہ اس غیر متزلزل، قومی عزم کے نتیجے میں ہم اپنا مشن پورا کریں گے اور پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلا دیں گے ۔ انہوں نے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور فوجیوں سے کہا کہ وہ مقامی اور غیر ملکی دہشت گردوں اور ان کی کمیں گاہوں کا مکمل خاتمہ کر دیں۔ انہوں نے آپریشن کے آغاز سے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ تین ہفتوں سے جاری کارروائیوں میں 400 کے قریب دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے درجنوں ٹھکانےتباہ کیے جاچکے ہیں ۔ دوسری جانب ساڑھے سات لاکھ افراد کی نقل مکانی کے بعد علاقے سے آبادی کا انخلا تقریباً مکمل ہوچکا ہے ۔ملکی اور غیر ملکی دہشت گردوں کے صفائے کےلیے شمالی وزیرستان میں فیصلہ کن کارروائی جسے ضرب عضب کا نام دیا گیا ہے 15 جون کو شروع ہوئی تھی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲