ابنا: جرمن حکام کے مطابق، جرمن انٹیلی جنس ایجنسی 'بی این ڈی' کے ایک اہلکار کو امریکہ کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گيا ہے۔
جرمنی کے فیڈرل پراسکیوٹر نے اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
رائٹرز نے دو جرمن سیاست دانوں کے حوالے سے کہا ہے کہ گرفتار شدہ جاسوس نے جرمن پارلیمان کی ایک کمیٹی سے متعلق دستاویزات امریکہ کو فراہم کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔
واضح ہو کہ جرمن پارلیمان کی مذکورہ کمیٹی امریکی خفیہ ادارے 'این ایس اے' کے سابق جاسوس ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے کیے جانے والے انکشافات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
سنوڈن نے گزشتہ سال انکشاف کیا تھا کہ امریکی خفیہ ایجنسی این ایس اے نے کئی دیگر عالمی رہنماؤں کے علاوہ جرمن چانسلر اینگلا میرکل کے ٹیلی فون کی بھی جاسوسی کی ہے۔
اس انکشاف کے بعد امریکہ اور جرمنی کے تعلقات میں کشیدگی آ گئی تھی اور جرمن حکام نے امریکہ سے ان الزامات کی وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔
جرمنی کی حکومت نے امریکہ سے ایک دوسرے کی جاسوسی نہ کرنے سے متعلق معاہدہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے لیکن امریکہ نے اس مطالبے پر کوئی گرم جوشی نہیں دکھائی ہے۔
.....
/169