اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی مذاکرات کار ٹیم کے ایک رکن نے کہا ہے کہ پانچ جمع ایک گروپ کے ساتھ گرچہ دوستانہ اور تعمیری ماحول میں مذاکرات جاری ہیں لیکن حتمی معاہدے کے مسودے کی تیاری میں محدود پیشرفت ہوئي ہے۔ اس مذاکرات کار رکن نے نام نہ بتائے جانے کی شرط پر آج ارنا سے کہا کہ پانچ جمع ایک گروپ میں بعض انتھا پسند ممالک توسیع پسندانہ مواقف رکھتے ہیں جنہيں پورے گروپ کی حمایت بھی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران توسیع پسندانہ مواقف کا حامل نہیں ہے بلکہ منطق اور جینوا معاہدے کی اساس پر اپنے مطالبات پیش کررہا ہے اور یہ موقع حتمی معاہدہ کرنے کا سنہری موقع ہے۔ اس سے قبل بھی ایک ایرانی سفارتکار نے ارنا سے گفتگو میں کہا تھا کہ تہران نے دانشمندانہ تجویزیں پیش کی ہیں اور وزیر خارجہ ظریف نے واشنگٹن پوسٹ میں اپنے حالیہ مضمون میں ان تجویزوں کی طرف اشارہ کیا ہے۔ واضح رہے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان پانچویں دور کے مذاکرات آج چوتھے دن اختتام پذیر ہوئے۔ یہ مذاکرات حتمی معاہدے کے مسودے کی تیاری کے لئے جاری ہیں۔ آج ویانا میں پانچ جمع ایک گروپ کے نمائندے یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ کی سکریٹری ہلگا اشمید کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور ہلگا اشمید انہیں جمعرات کی رات کے اجلاس کی بریفننگ دیں گي۔ پانچ جمع ایک گروپ کے داخلی مذاکرات کے بعد ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی اور مجید تخت روانچی ہلگا اشمید کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ ادھر ایک آگاہ ذریعے نے کہا ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے اگلے دور کے مذاکرات دو جولائي کو شروع ہوں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲