26 مئی 2014 - 10:22
 حضرت امام موسیٰ کاظمؑ کا یوم شہادت، کشمیر میں مجالس کا اہتمام

فرزند رسول حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام مرکزی امام بارگاہ بڈگام میں مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔

ابنا: موصولہ رپورٹ کے مطابق عقیدت مندوں کے جمع غفیر سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن نے حضرت امام موسیٰ کاظم علیہ السلام کی سیرت و کردا ر اور امام عالی مقام کی شہادت کے اسباب و محرکات کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ جب خلافت اسلامیہ مکمل طور پر ملوکیت میں تبدیل کی گئی اور حکمرانوں نے دین و شریعت کی خود ساختہ تفسیر و تاویل کرکے دین اسلام کے حقیقی شبی کو بگاڑنے کی کوشش کی تو اہلبیت نبوی نے
اپنے کردار و عمل سے اسلام کی حفاظت کے تقاضے پورا کئے جس کی پاداش میں حکمرانوں نے ان برگزیدہ شخصیات کو راستے سے ہٹانے کیلئے انتہائی انسانیت سوز حربے اختیار کئے۔ امام موسیٰ کاظم ؑ نے وقت کے حکمرانوں کی طرف سے دین و شریعت سے خیانت کے خلاف آواز بلند کی جس کی وجہ سے انہیں 17سال تک زندان میں رکھ کر حالت اسیری میں ہی شہید کیا گیا۔ ادھر جموں و کشمیر میں بھی اتحاد المسلمین کے اہتمام سے دیور، پریہاس پورہ
پٹن میں باب الحوائج حضرت امام موسیٰ کاظم (ع) کے یوم شہادت کے سلسلے میں ایک عظیم الشان و پروقار مجالس منعقد ہوئیں جن میں ذاکرین نے شہید امام کے فضائل و مصائب بیان کئے۔

.......

/169