ابنا: فلسطین کے اطلاع رسانی کے مرکز کی رپورٹ کے مطابق آج فلسطین کی دو تنظیموں حماس اور جہاد اسلامی نے علیحدہ علیحدہ بیانات میں غرب اردن میں سیاسی گرفتاریاں جاری رہنے کو قومی مصالحت کی راہ میں اہم ترین رکاوٹ قرار دیا اور آئندہ انتخابات کے انعقاد کے لئے یہ پالیسی ختم کئے جانے کو ضروری قرار دیا ۔اسی سلسلے میں تحریک حماس کے ایک ممتاز عہدیدار حسن یوسف نے تنظیم آزادئ فلسطین یا پی ایل او کے اس وفد سے، جو غزہ جانے کا ارادہ رکھتا ہے، سیاسی گرفتاریوں کے مسئلے کا سنجیدگي سے جائزہ لینے اور ان کو حل کئے جانے کا مطالبہ کیا ۔ حسن یوسف نے مزید کہا کہ جب تک غرب اردن میں سیاسی گرفتاریاں روکی نہيں جاتیں انتخابات کا انعقاد یا قومی مصالحت کا عملی ہونا ممکن نہیں ہوسکے گا۔ دوسری جانب تحریک جہاد اسلامی نے بھی کہا ہے کہ غرب اردن میں سیاسی گرفتاریوں اور فلسطینی گروہوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے حملوں نے فلسطین کے داخلی اختلافات کو ختم کرانے کی کوششوں کو بے اثر بنا دیا ہے۔
.......
/169