9 اپریل 2014 - 10:01
اسلام آباد: فروٹ مارکیٹ میں بم دھماکا،20 افراد جاں بحق

دہشت گردوں نے آج پھر وفاقی دارالحکومت پر وار کیا ، پیرودھائی راولپنڈی کے قریب آئی ٹین کی فروٹ مارکیٹ میں بم دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔

ابنا: اسلام آباد …دہشت گردوں نے آج پھر وفاقی دارالحکومت پر وار کیا ، پیرودھائی راولپنڈی کے قریب آئی ٹین کی فروٹ مارکیٹ میں بم دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دھماکا خیزمواد پھل کی پیٹی میں چھپایا گیا تھا۔ایک ماہ کی خاموشی اور پھر اسلام آباد میں دہشت گردی۔ صبح 8 سے سواآٹھ بجے کے وقت اسلام آباد کی فروٹ منڈی میں لوگ پھلوں کی بولی لگارہے تھے کہ ایک پیٹی میں چھپایا گیا بارود دھماکے سے پھٹ گیا،جس سے لوگوں کی بڑی تعداد اس کی زد میں آئی۔ کئی افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ متعددز خمی ہوئے۔مقامی افراد نے پہلے اپنی مدد آپ کے تحت اور پھر ریسکیو اداروں نے زخمیوں اور لاشوں کو پمز اور دوسرے اسپتالوں میں منتقل کیا۔ پمز منتقل کیے گئے پچاس میں سے نصف افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔پولیس کے مطابق پانچ کلو کے قریب دھماکا خیزمواد امرود کی پیٹی میں چھپایا گیا تھا جسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا۔ قائم مقام آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ پولیس مارکیٹ کا گشت کرتی ہے تاہم ہر ٹرک کی تلاشی لینا ممکن نہیں۔فروٹ مارکیٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کا کوئی ادارہ مارکیٹ کے انتظامات سنبھالنے کو تیار نہیں، چار دیواری تعمیر نہ کی گئی تو آئندہ بھی ایسے واقعات کا اندیشہ رہے گا۔فروٹ مارکیٹ میں دھماکا 2 مارچ کو کچہری میں دہشت گردی کے بعد اسلام آباد میں اس سال ہونے والا دوسرا واقعہ ہے جس میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔

.......

/169

لیبلز