12 مارچ 2014 - 20:30
علامہ ناصر عباس جعفری کے لبیک یارسول اللہ (ص) مہم کے سلسلے میں خیرپور اور سکھر کے دورہ جات

ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے سکھر شہر میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء ، اہل سنت اکابرین، مسیحی برادری کے معززین اور ماتمی انجمنوں کے عہدیداران سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور انہیں لبیک یارسول اللہ (ص) میں شرکت کی دعوت دی۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس کی عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں سکھر کے دورے پر مدرسہ ولی عصر عج پہنچے، جہاں انہوں نے مدرسے کے پرنسپل علامہ علی بخش سجادی سے ملاقات کی اور انہیں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی، اس کے بعد علامہ حسن شاہ کے مدرسے کا دورہ کیا، جہاں طلاب سے ملاقات کی اور انہیں جلسے میں شرکت کی دعوت دی، سکھر سے علامہ ناصر عباس جعفری دیگر رہنماوں کے ہمراہ روہڑی پہنچے، جہاں امام بارگاہ شاہ نجف میں قدیمی تبرکات کی زیارت اور گدی نشین سید میراں علی شاہ سے ملاقات کی، بعد ازاں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا، روہڑی سے علامہ ناصر عباس جعفری گھوٹکی پہنچے، جہاں تنظیمی نشست میں شرکت کی اور برادران سے خطاب کیا۔بعدازاں گھوٹکی سے علامہ ناصر عباس جعفری کا قافلہ پنو عاقل پہنچا، جہاں انہوں نے ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا اور علامہ مختار شاہ اور دیگر علاقائی عمائدین سے ملاقات کی اور انہیں لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ پنو عاقل سے علامہ ناصر عباس جعفری کا قافلہ گوٹھ بچل شاہ پہنچا، جہاں انہوں نے ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے تنظیمی اجلاسوں میں علیحدہ علیحدہ شرکت کی۔ شام کو پرانا سکھر میں علامہ ناصر عباس جعفری نے حیدری مسجد میں عوامی جلسے سے خطاب کیا اس موقع پر علاقائی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں علامہ ناصر عباس جعفری نے سکھر شہر میں ڈسٹرکٹ بار کے وکلاء، اہل سنت اکابرین، مسیحی برادری کے معززین اور ماتمی انجمنوں کے عہدیداران سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی اور انہیں شیعہ سنی وحدت کے عظیم اجتماع لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔قبل ازیں گذشتہ دو روز میں علامہ ناصر عباس جعفری نے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مختار امامی، ضلعی سیکریٹری جنرل سکھر چوہدری اظہر حسن، ضلعی سیکریٹری جنرل خیرپور آغا منور جعفری اور وحدت یوتھ سندھ کے عہدیداران اور کارکنان کے ہمراہ خیرپور سمیت صالح پٹ، کندھرا، ٹنڈو مستی، سیٹھارجہ، ہنگورجہ، رانی پور، کمبھ، جسکانی، لقمان، حسین آباد کے مختلف مدارس، درگاہوں اور امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور روح پرور عوامی اجتماعات سے خطاب سمیت معززین، گدی نشین، مدارس کے مہتمم حضرات اور امام بارگاہوں کے متولیان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں 16 مارچ کو ممتاز اسٹیڈیم خیرپور میں منعقدہ لبیک یارسول اللہ (ص) کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔......./169