3 مارچ 2014 - 20:30
پاکستان، وکلاء کی ملک گیر ہڑتال

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں دہشت گردی کے خلاف بار کونسل نے آج پاکستان بھر میں ہڑتال کی کال دی ہے۔

ابنا: اسلام آباد سے موصولہ خبروں کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد کچہری میں ہوئے دہشتگردانہ حملے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ بار نے ایک ہفتے تک عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کچہری میں ہونے والے حملے کے بعد پاکستان بار کی اپیل پر مختلف شہروں میں وکلا، عدالتوں میں حاضر نہ ہوئے اور بار ایسوی ایشنز کے اجلاس میں وکلا نے دہشت گردی میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ہائی کورٹ بار کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ ادھر پشاورہائی کورٹ بار اور بلوچستان بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی اسلام آباد حملوں کے خلاف صوبہ بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا۔ پاکستان بار کونسل نے آج ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا۔دوسری جانب پاکستان کے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے دہشت گردی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو عدالت طلب کرلیا جبکہ چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز سے 3 دن میں عدالتوں کے سیکیورٹی اقدامات کی رپورٹ بھی طلب کرلی۔......./169