2 مارچ 2014 - 20:30
یوکرین تباہی کے دہانے پر ہے

یوکرین کے وزیر اعظم ارسینی یاتسینیوک نے روس پر جنگ کے اعلان کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک ’تباہی کے دہانے پر ہے.

ابنا: یوکرین کے عبوری وزیر اعظم نے کہا کہ اگر صدر پوتین ایسے صدر بننا چاہتے ہیں کہ جو دو ہمسایہ ممالک یوکرین اور روس کے درمیان جنگ شروع کرنا چاہتے ہیں تو وہ چند انچوں میں ہی اپنے ہدف تک پہنچ گئے ہیں، اور ہم تباہی کے دہانے پر ہیں۔اتوار کو ہی اس سے قبل، یوکرین کی بحریہ کے سربراہ نے کریمیا کے روسی نواز حکام کے سامنے وفا داری کا حلف اٹھایا۔یوکرین کی عبوری حکومت نے کہا ہے کہ وہ ریئر ایڈمیرل ڈنیس بریزوفکی کے خلاف غداری کا مقدمہ شروع کرے گی جنہوں نے عہدہ سنبھالنے کے دوسرے ہی دن سیواستوپول کی بندرگاہ میں یوکرین کی بحریہ کے ہیڈ کوارٹر کو روسی افواج کے حوالے کر دیا ہے۔دوسری جانب نیٹو نے روس سے کہا ہے کہ وہ علاقے سے اپنے فوجی نکال لیں۔نیٹو کا یوکرین کے بحران پر ہنگامی اجلاس ہو رہا ہے۔ نیٹو کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ روس کے اقدامات کے باعث یورپ میں امن اور سکیورٹی کو خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے بھی حالات کو فوری طور قابو میں لا کر براہ راست مذکرات شروع کرنے پر زور دیا ہے، جبکہ نیٹو کے سربراہ اندرس فوغ راس موسین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ کریمیا میں حالات کو فوری طور قابو میں لانے کی اشد ضرورت ہے۔......./169