25 فروری 2014 - 20:30
معاہدہ نہ ہوا تو افواج واپس، اوباما کا اعلان

امریکی صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ اگر کابل واشنگٹن معاہدہ نہ ہوسکا تو افغانستان سے امریکی فوجیوں کو واپس بلالیا جائیگا۔

ابنا: ذرائع کے مطابق امریکی صدر نے ہدایات جاری کی ہیں  کہ افغانستان سے سیکورٹی معاہدہ نہ ہوسکا تو سارے امریکی فوجی رواں سال کے آخر تک واپس آجائیں۔ انہوں نے افغان صدر حامد کرزئی کو فون کرکے اس فیصلے سے آگاہ بھی کردیا۔وائٹ ہاوٴس کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما نے افغانستان سے سیکورٹی معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں امریکی فوجیوں کو سال کے آخر تک مکمل انخلا کاحکم دے دیا ہے۔ سیکورٹی معاہدہ ہونے کی صورت میں کچھ امریکی فوجی مستقبل میں بھی افغانستان میں موجود رہیں گے۔ امریکی صدر نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد نئے صدر، کابل واشنگٹن سیکورٹی معاہدے پر دستخط کردیں گے۔قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر بارک اوباما کا یہ بیان ایسی حالت میں سامنے آیا ہے کہ واشنگٹن، اس سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کیلئے افغانستان کے صدر حامد کرزئی پر مختلف طرح سے دباؤ ڈال رہا ہے تاکہ افغانستان میں امریکی فوجی باقی رکھے جانے کی راہ ہموار ہوسکے۔

.......

/169