ابنا: روس اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے شام کے مسئلے کے متعلق ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے بحران شام کے حل کے طریقوں کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا۔ یہ گفتگو ایسے موقع پر ہوئی ہے کہ سوئیٹزرلینڈ میں جنیوا -2 کانفرنس کے تناظر میں شام کی حکومت کے وفد اور حکومت مخالفین کے نمائندوں کے درمیان پیر کے روز سے مذاکرات جاری ہیں جن میں بظاہر اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔دوسری جانب روس کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں شام کے حکومت مخالفین کی، عالمی سطح پر مذمت کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ اس بیان میں شام کے حکومت مخالفین کو جنگ پسند قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شام میں دہشتگردوں کے حملے اور جرائم اتنے زیادہ ہولناک اور وحشیانہ ہیں کہ جن کی عالمی برادری کی جانب سے شدید مذمت کئے جانے کی ضرورت ہے۔ روس کے دفتر خارجہ کے ترجمان لوکا شوویچ نے کہا ہے کہ شام میں دہشتگردوں نے عوام کا وسیع پیمانے پر بہیمانہ قتل عام کیا ہے۔
.......
/169