ابنا: پاکستان کے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ پرویز مشرف بیمار ہیں اور وہ کل پیر کو عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ انہوں نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ کوشش کریں گے کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پیر کو اسلام آباد کی خصوصی عدالت میں پیش کریں۔ سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگر آج انھیں پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ نہ ملی تو وہ پیر کو خصوصی عدالت سے زبانی درخواست کریں گے کہ ان کے موکل کو حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ ڈاکٹرز کی رائے کو رپورٹ کی صورت میں کل (پیر) کو عدالت میں پیش کریں۔ خیال رہے کہ غداری کے مقدمے میں پیشی کے لیے سفر کے دوران علیل ہونے والے پاکستان کے سابق فوجی حکمران جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف راولپنڈی میں فوج کے ادارہ برائے امراض قلب میں زیرِ علاج ہیں۔ پرویز مشرف کو غداری کے مقدمے میں جمعرات کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا تاہم عدالت جاتے ہوئے راستے میں ان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔
.......
/169