15 اکتوبر 2013 - 20:30
ملت جعفریہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ حسن ٖظفر نقوی نے عظمت ولایت کانفرنس میں کہا کہ ملت جعفریہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ حسن ٖظفر نقوی نے عظمت ولایت کانفرنس میں کہا کہ ملت جعفریہ دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائے گی اور یہ ثابت کردے گی کہ ہم نے ہمیشہ ظلم کے خلاف اپنی آواز کو بلند کیا اور اب بھی 45 ہزار پاکستانیوں کے قاتلوں سے مذاکرات کے خلاف اپنی آواز حق کو بلند کریں گے۔ 27اکتوبر کو کراچی کی سرزمین مادر وطن سے محبت کرنے والوں کے عشق کی گواہی دے گی، سندھ بھر سے قافلے عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کریں گے، ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کردہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کراچی کی سرزمین پر پیروان ولایت کا عظیم اجتماع عظمت ولایت کانفرنس کی صورت میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا، یہ اجتماع دہشت گردی، لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف اہم سنگ میل ثابت ہوگا، سندھ بھر سے لاکھوں فرزندان ولایت غدیری و عزم و حوصلے کے ساتھ عظمت ولایت کانفرنس میں شریک ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں بالکل ناکام ہو چکے ہیں، پوری ریاست آہستہ آہستہ دہشت گردوں کے سامنے سرنڈر کرتی چلی جا رہی ہے، اسٹیٹ کمزوری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دہشت گرد ان پر غالب آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں، اس وطن کے غیور اور باوفا بیٹے اس ملک کی تباہی اور بربادی پر نظارہ گر نہیں بنیں گے، ہم وطن کی سالمیت کے خلاف اٹھنے والے ہاتھوں کو توڑنا جانتے ہیں، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم اس کو دہشت گردی کے خیبر سے نجات دلائیں گے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲۳