29 ستمبر 2013 - 20:30
ایران کے ساتھ قبل از وقت جوہری سمجھوتہ ممکن،جان کیری

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ تہران کے جوہری حقوق کے سلسلے میں مقّررہ وقت سے پہلے ہی سمجھوتہ ممکن ہے۔

ابنا: انھوں نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس سے گفتگو کرتے ہوئے جوہری توانائی کے استعمال کے بارے میں ایران کے ساتھ مغربی ملکوں کے اختلاف کے حل سے متعلق کہا کہ ایران کے ساتھ حالیہ مذاکرات میں طے پایا ہے کہ مسئلے کو تین سے چھے ماہ کے درمیان حل کرلیا جائے گا اور عملی اقدامات کی صورت میں ایران کے ساتھ اس حوالے سے سمجھوتہ اس مقررہ وقت سے پہلے بھی طے پانا خارج از امکان نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ ایسی صورت میں پوری دنیا اس بات کا مشاہدہ کریگی کہ ایران اور امریکہ کے تعلقات، بہتری کی سمت آگے بڑھ رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کل اعلان کیا ہے کہ تہران کو اگر اس بات کا یقین ہوجائے کہ امریکہ، ایران کے جوہری حقوق باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کیلئے آمادہ ہے اور وہ ان حقوق کا احترام کرتا ہے تو سمجھوتے کے حصول کا بہترین موقع میّسر ہوجائیگا اسلئے کہ حکومت ایران کو اس سلسلے میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

.......

/169