ابنا: گيارہويں صدارتي انتخابات کے اميدوار محمد باقر قاليباف شام آٹھ بجے ٹي وي چينل نمبر ايک سے اپني انتخابي مہم کے تحت اپنے پروگرام سے لوگوں کو باخبرکريں گے - ايک اور اميدوار محمد رضا عارف رات پونے گيارہ بجے ٹي وي چينل نمبر دو سے لائيو پروگرام کے اينکر کے سوالوں کے جواب ديں گے-
اس سے پہلے تہران کے ميئر اور صدارتي اميدوار محمد باقرقاليباف نے منگل کي رات ٹي وي چينل نمبر دو کے پروگرام ميں کہا کہ وہ اس لئے انتخابي ميدان ميں اترے ہيں کہ عوام کاقرض ادا کرسکيں - محمد باقر قاليباف نے اس پروگرام ميں اپنے لائحہ عمل کي طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے صوبائي اور قومي سطح پر الگ الگ پروگرام ترتيب دئے ہيں –
ايک اور اميدوار سعيد جليلي نے بھي جام جم ٹي وي چينل کے پروگرام ميں شرکت کرکے بيرون ملک مقيم ايرانيوں کے سوالوں کے جواب ديئے- سعيد جليلي نے اس پروگرام ميں اپنے انتخابي نعروں کے تين بنيادي محوروں کي طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور ملک سے باہر ايرانيوں کي توانائيوں کو کھلي چھوٹ ديں گے اور ملک کا نظم و نسق چلانے نيز ايران کي عزت و اقتدار کو مزيد بلند کر نے کے لئے بيرون ملک مقيم ايرانيوں سے پوري مدد ليں گے - انہوں نے ايٹمي معاملے کے بارے ميں کہاکہ جو کچھ ايٹمي حقوق کے دفاع کے عنوان سے انجام پارہا ہے وہ دراصل ملت ايران کےتمام حقوق کا دفاع ہے اور ہم اپنے حقوق کے دفاع ميں پوري طرح سنجيدہ ہيں -
ايران کے صدارتي انتخابات کے ايک اور اميدوار ڈاکٹر حسن روحاني نے کہا کہ ملک کا نظم و نسق چلانے کے لئے ملک کے ہر فرد کي مدد کي ضرورت ہے - حسن روحاني نے ٹي وي چينل نمبر ايک سے اپنے پروگرام ميں کہ ملک کي معاشي مشکلات پر قابو پانے کے لئے ايک کارآمد مضبوط اور دور انديش حکومت کي ضرورت ہے - حسن روحاني نے کہا کہ بے روزگاري ہي ملک کي بہت سي مشکلات منجملہ بداخلاقيوں اور سماجي برائيوں کا باعث ہے انہوں نے کہا کہ وہ ان مشکلات کو ختم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے اپني پوري کوشش کريں گے اور اس کے لئے ماہر افراد کا سہارا ليں گے -
صدارتي انتخابات کے ايک اور اميدوار ڈاکٹر غلام علي حداد عادل نے بھي يوتھ جرنلسٹ کلب سے خطاب ميں اسلامي انقلاب کي کاميابي کے بعد اپني خدمات اور کارکردگي کا حوالہ ديا اور کہاکہ عوام ميري آج کي باتوں پر اکتفا نہ کريں بلکہ گذشتہ چونتيس برس کي ان کي انقلابي سرگرميوں کو سامنے رکھ کر فيصلہ کريں-
حداد عادل نے تعليم و ثقافت کے ميدان ميں اپنے پروگراموں کے بارے ميں کہاکہ ثقافت معاشرے کي روح اور اسلامي انقلاب کي اساس ہے اور اگر ہم ثقافت سے غافل ہوگئے تو گويا انقلاب سے چشم پوشي کرلي - انہوں نے اس سوال کے جواب ميں کہ جو وعدے آپ کررہے ہيں انتخابات ميں کاميابي کے بعد اس پر عمل کريں گے کہا کہ اگر ميں صدر منتخب ہوگيا تو ميڈيا کو يہ حق حاصل ہے کہ وہ عوام کي طرف سے مجھ سے سوال کرے اور جو وعدے ميں کررہا ہوں اس کي ياد آوري کرائے -
ايک اور اميدوار محسن رضائي نے کہا کہ ايران کے خلاف مغرب کي يکطرفہ پابنديوں کو ختم کرانا ان کي بنيادي ترجيحات ميں شامل ہوگا -
محسن رضائي نے تہران ميں تاجر برداري کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صحيح اور مضبوط سفارتکاري اور ملکي پيداوار ميں اضافہ کرکے وہ ايران پر عائد مغرب کي پابنديوں کو ناکام بناديں گے-
ايک اور اميدوار ڈاکٹر علي اکبر ولايتي نے بھي اپني پريس کانفرنس ميں ہمسايہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو اپني حکومت کي ترجيحات قرار ديا اور کہا کہ ميري ترجيح ہمسايہ اور عرب ملکوں کےساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ہوگي - ڈاکٹر ولايتي نے کہا کہ صحيح سفارتکاري کے ذريعے پابنديوں کا خاتمہ اور ہمسايہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنايا جاسکتا ہے -انہوں نے پرامن مقاصد کے لئے ايران کے ايٹمي پروگرام کو ملت ايران کا مسلمہ حق قرارديا اور کہاکہ ايران اپنے اس حق سے دستبردار نہيں ہوگا -
صدارتي انتخابات کے ايک اور اميدوار محمد رضا عارف نے بھي روزگار کي فراہمي کو اپني حکومت کي ترجيح قرارديا اور کہاکہ اسلامي ايران کي ترقي و پيشرفت کے لئے ترقياتي پروگراموں پر توجہ دينے کي ضرورت ہے - محمد رضا عارف نے کہاکہ مضبو ط سفارتکاري اور سياسي تعلقات کو فروغ دے کر ايران کے ايٹمي مذاکرات کو نتيجہ خيز بنا يا جاسکتا ہے -
واضح رہے کہ اسلامي جمہوريہ ايران کے گيارہويں صدارتي انتخابات آئندہ چودہ جون کو ہوں گے اور اسي دن پورے ملک ميں بلدياتي انتخابات کے لئے بھي ووٹ ڈاليں گے-
.......
/169