اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین کی قومی اور اسلامی تنظیم الوفاق نے اپنے ایک بیان میں بحرین کی طاغوتی حکومت کے خلاف عوامی احتجاجات میں اضافہ ہونے کی خبر دی ہے اور کہا ہے کہ گزشتہ چند دنوں میں ملک کے ۷۱ مختلف علاقوں میں حکومت مخالف مظاہرے ہوئے ہیں اور مظاہرین کو سرکوب کرنے کے لیے آل خلیفہ کے حفاظتی دستوں نے آنسو گیس اور چھرے دار گولیوں کا استعمال کیا ہے۔اس بیان میں آیا ہے کہ گزشتہ تین دن کے دوران بحرین کی طاغوتی حکومت نے ۳۰ عام شہریوں کو گرفتار اور ۷ کو زخمی کر دیا ہے جبکہ ۳۲ گھروں پر چھاپہ مار کر لوگوں کے ذاتی ساز و سامان کی توڑ پھوڑ کی ہے۔ادھر مظٓاہرین میں سے چھ افراد کو گرفتار کر کے جسمانی اذیتوں کا نشانہ بنایا گیا جبکہ تحریک انقلاب میں فعال چند افراد کو چھرے دار گولیوں اور زہریلی گیس سے صدمہ پہنچایا گیا ہے۔واضح رہے کہ بحرین میں گزشتہ دو سال سے عوام حکومت کے مظالم سے تنگ آ کر ملکی نظام میں تبدیلی لانے کی غرض سے صدائے احتجاج بلند کر رہے ہیں لیکن بار بار انہیں دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور کوئی بھی عالمی تنظیم آل خلیفہ حکومت کے خلاف زبان نہیں کھول رہی ہےجبکہ خود انسانی حقوق تنظیموں کے نمائندوں نے بحرین میں عوام پر ہونے والے مظالم کی تصدیق کی ہے۔


