ابنا: امیر جماعت پاکستان سید منور حسن نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعہ 10 مئی کو یوم دعا منائیں۔ اس روز ملک و قوم کے تحفظ، انتخابات کے پرامن انعقاد اور صالح، مخلص اور محب وطن قیادت کی کامیابی کے لیے اللہ تعالٰی کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں۔ پیر کے روز منصورہ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں سید منور حسن نے کہا کہ چند روز بعد ملک میں ایسے حالات میں انتخابات ہونے والے ہیں جبکہ ملک کے اندر بدامنی عروج پر ہے۔ روزانہ بم دھماکے ہو رہے ہیں۔ انتخابی امیدواروں اور ان کے انتخابی دفاتر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملک دشمن عناصر کی طرف سے تخریبی کارروائیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔ افراتفری اور بےیقینی کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے ملک کو امریکی چراگاہ بنائے رکھا جس کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی کو فروغ ملا۔ ہماری آزادی و خود مختاری داؤ پر لگی رہی۔ بھارت اسرائیل اور امریکہ کی خفیہ ایجنسیوں کو کھل کھیلنے کے مواقع میسر آئے۔ سید منور حسن نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈرون حملوں کے ذریعے ہزاروں بے گناہ پاکستانی قتل کیے گئے۔ ملکی سرحدیں پامال ہوتی رہیں۔ حکمران ٹولہ ملکی وسائل کی لوٹ مار میں مصروف رہا، جس کی وجہ سے ملک کی معیشت، صنعت و زراعت تباہی سے دوچار ہے۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ ہے اور انرجی کا شدید بحران ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ عوام کو اللہ تعالٰی نے ایک بار پھر ووٹ کی پرچی سے اپنے حکمران چننے اور حالات بدلنے کا موقع دیا ہے، اس لیے وہ سوچ سمجھ کر اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں اور ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو بے داغ ماضی اور شفاف کردار کے مالک ہوں اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں، جو امریکی غلامی سے قوم کو نجات دلا سکیں او ر عالمی برادری میں ملک کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کرسکیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
6 مئی 2013 - 19:30
News ID: 416705
امیر جماعت پاکستان سید منور حسن نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ جمعہ 10 مئی کو یوم دعا منائیں۔ اس روز ملک و قوم کے تحفظ، انتخابات کے پرامن انعقاد اور صالح، مخلص اور محب وطن قیادت کی کامیابی کے لیے اللہ تعالٰی کے حضور خصوصی دعائیں کی جائیں۔