ابنا: پاکستان لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام العمران سکول ہال فیصل ٹاؤن میں جاری تین روز تعلیمی کنونشن آج اختتام پذیر ہو گیا۔ کنونشن میں شرکت کے لئے لاہور کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں سے طلباء علم کی روشنی سمیٹنے آئے ہوئے تھے۔ کنونشن آئی ایس او پاکستان کے شعبہ تعلیم کی زیر نگرانی 29مارچ بروز جمعہ، مغرب کے بعد شروع ہوا جو کہ اتوار کو دوپہر 1 بجے اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر آئی ایس او پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تعلیم عدیل علوی کا کہنا تھا کہ ملک خداداد پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے اس میں نوجوان طبقہ علم کے ذریعے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کنونشن کا مقصد طلبہ کو مختلف شعبہ ہائے تعلیم کے بارے میں آگاہ کرنا اور کیرئیر گائیڈنس دینا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایس او نے ہمیشہ طلبہ کی ضروریات کو پیش نظر رکھا ہے اور یہ کنونشن ہر سال طلبہ کو جدید تعلیم کے حصول کا اشتیاق دلانے کے علاوہ دیگر اہم موضوعات کا احاطہ کرتا ہے۔ اس پروگرام میں پورے ملک سے آئے ہوئے پروفیشنلز اور اسکالرز نے مختلف موضوعات پر لیکچرز دیئے۔ جن میں شہباز جعفری نے کمیونیکیشن سکلز، مولانا احمد اقبال نے حصول علم کی اہمیت، ڈاکٹر رضا عباس نے اسلامی نظام تعلیم کا تصور، ڈاکٹر فیضان علی نے پریزنٹیشن سکلز، ڈاکٹر علی رضا نقوی نے GAT,GRE گائیڈنس پر اظہار خیال کیا۔ دوسری جانب انجینئر فخر عباس نے CSS گائیڈنس، ناصر عباس شیرازی نے تعلیم اور تنظیم میں توازن، غضنفر عباس نے امامیہ اسکاؤٹنگ کا تعارف اور ڈاکٹر اسد عباس نے جاب ہنٹنگ سکلز پر لیکچرز دیئے۔ کنونشن کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران نے کہا کہ نوجوان نسل کی دینی، فکری اور علمی تربیت کے ذریعے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملکی ترقی اور بقاء کی خاطر اپنا جو کردار ادا کرتی آ رہی ہے اسکو مزید بہتر انداز میں ادا کرتی رہے گی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242
31 مارچ 2013 - 19:30
News ID: 404866
پاکستان لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کنونشن کی اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر آئی ایس او کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل کی دینی، فکری اور علمی تربیت کے ذریعے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملکی ترقی اور بقاء کی خاطر اپنا جو کردار ادا کرتی آ رہی ہے اسکو مزید بہتر انداز میں ادا کرتی رہے گی۔