28 مارچ 2013 - 19:30

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں " اردو زبان کا تہذیبی ورثہ " کے عنوان سے ایک سمینار منعقد ہوا ہے جس میں اس قیمتی ورثے کے تحفظ پر زور دیا گيا۔

ابنا: ریڈیو تہران کی رپورٹ کے مطابق دہلی میں کل مولانا حسرت موہانی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام " اردو زبان کا تہذیبی ورثہ " کے عنوان سے ایک قومی سمینار کا انعقاد کیا گيا۔ غالب اکیڈمی میں منعقد ہونے والے اس سیمینار میں اردو کے تہذیبی ورثے کے تحفظ پر زور دیا گيا اور اردو زبان کو ہندوستان کی مشترکہ تہذیب و ثقافت کی علامت قراردیا گيا۔ سیمینار میں اردو زبان کے فروغ کے لئے تمام  کوششیں بروئے کار لانے پر بھی زور دیا گيا۔ ہندوستان کی ریاست اترا کھنڈ کے گورنر ڈاکٹر عزیز قریشی نے سیمینار میں اپنے خطاب میں برطانوی سامراج سے لڑائی میں اردو زبان اور اس کے شعرا و ادبا کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا حسرت موہانی نے تحریک آزادی میں جس طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اسی طرح انہوں نے اپنی شاعرانہ صلاحیتوں اور انقلابی جذبات کے اظہار کے لئے اردو زبان کاسہارا لیا۔ انہوں نے ہندوستان کے مسلمانوں سے اپیل کی وہ احساس کمتری میں مبتلا نہ ہوں اور اپنے دینی اور ملی فریضے کو بخوبی انجام دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/242