22 فروری 2013 - 20:30

سعودی عرب کے مشرقی علاقے قطیف میں عوام نے آل سعود کی ڈکٹیٹر حکومت کے خلاف مظاہرے کیے ہیں۔

ابنا: پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قطیف کے عوام نے گزشتہ رات ان مظاہروں میں آل سعود کی شاہی حکومت کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے سعودی عرب میں عوام پر تشدد کرنے اور انہیں کچلنے کے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا۔سعودی عرب کے انسانی حقوق کے میدان میں ایک سرگرم رہنما محمد قحطانی نے آل سعود کی شاہی حکومت کی جانب سے عوامی مطالبات کو نظرانداز کیے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب خاص طور پر اس کے مشرقی علاقوں کے حالات سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب اسلامی بیداری کے راستے پر گامزن ہے۔واضح رہے کہ انسانی حقوق کے مراکز کے مطابق سعودی عرب میں تیس ہزار سے زائد سیاسی قیدی جیلوں میں بند ہیں۔