14 فروری 2013 - 20:30

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام بحرینی مسلمانوں کی جمہوری جدوجہد کے 2 سال پورے ہونے پر ’’یکجہتی مظلومین جہاں کانفرنس‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس سے ایم ڈبلیو ایم ، جمعیت علماء پاکستان ، تحریک وحدت اسلامی پاکستان اور آئی او کے سابق چیئرمین افسر رضا خان نے خطاب کیا۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیراہتمام  بحرینی مسلمانوں کی جمہوری جدوجہد کے 2 سال پورے ہونے پر ’’یکجہتی مظلومین جہاں کانفرنس‘‘ کا اہتمام کیا گیا، جس سے ایم ڈبلیو ایم ، جمعیت علماء پاکستان ، تحریک وحدت اسلامی پاکستان اور آئی او کے سابق چیئرمین افسر رضا خان نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عرب ممالک میں اٹھنے والی بیداری کی لہر کی پیش گوئی انقلاب اسلامی ایران کے فوری بعد امام خمینی (رہ) نے کر دی تھی، امام خمینی (رہ) نے واضح الفاظ میں فرمایا تھا کہ میں عرب ملکوں میں قائم ظالم حکومتوں کو گرتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
 
مقررین نے کہا کہ بحرین کی شاهی حکومت اپنے عوام پر صرف جمہوری حق مانگنے کی پاداش میں غیر انسانی مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کے بے گناہ افراد پر مظاہروں کے دوران وہ زہریلی گیسیں استعمال کی جا رہی ہیں جو جنگوں میں بھی ممنوع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرینی رہنما علامہ شیخ علی سلمان نے بحرینی حکومت کے تمام شیطانی حربے ناکام بنا دیئے، بحرینی حکمران مذاکرات کا ڈرامہ کرتے ہیں کہ ہم تو موقف سننے کے لئے ان کو بلاتے ہیں لیکن وہ خود کسی بات پر متفق نہیں ہوتے تو علامہ شیخ علی سلمان نے کہا کہ ہمیں تمھارے ان کھانوں کی کوئی ضرورت نہیں، یہ کھانے ہم اپنے گھروں میں بھی کھا سکتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ بحرینی حکمران ڈرامہ بازی کرکے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن بےگناہ بحرینی مسلمانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بلکہ بےگناہ خون ہمیشہ رنگ لاتا ہے اور انشاءاللہ بہت جلد بحرینی عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے اور آل خلیفہ کے ظلم کی یہ سیاہ رات بہت جلد ختم ہو جائے گی۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسلمان شیعہ سنی اپنے بحرینی بھائیوں کیساتھ ہیں اور استعمار کی ننگی جارحیت کی بھرپور انداز میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین میں لگائی جانے والی آگ کو سعودی عرب پاکستان میں بھی امپورٹ کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اسے شیعہ اور سنی مسلمان اپنے باہمی اتحاد سے ناکام بنا سکتے ہیں۔