ابنا: سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کی اطلاع کے مطابق ژاں وائی ویس لی دریان نے اپنی آمد کے بعد ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی ہے اور ان سے باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
قبل ازیں فرانس کے میڈیا نے اطلاع دی کہ وزیردفاع کے دورہ سعودی عرب کے ایجنڈے میں افریقی ملک مالی میں فوجی مداخلت کا موضوع سرفہرست ہے، وہ اپنے ساتھ صدر فرانسو اولاند کا ایک خط لے کرگئے ہیں جو وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ کو پہنچائیں گے، اس خط میں مالی میں فرانس کی فوجی مداخلت کے محرکات اور اسباب وعلل بیان کئے گئے ہیں اور سعودی عرب سے اس ضمن میں مالی تعاون کی اپیل کی گئی ہے، فرانسیسی وزیردفاع سعودی حکام سے شام ،عراق اور یمن میں جاری بحرانوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ فرانس مالی میں القاعدہ سے وابستہ جنگجوؤں کے خلاف جنگ مسلط کرنے کے بعد اب خلیجی ریاستوں سے اس کے اخراجات برداشت کرنے کی اپیلیں کررہا ہے، فرانس سے قبل امریکا عراق، کویت اور افغانستان میں جنگوں کے فوجی اخراجات پورے کرنے کیلئے سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے رقوم ایٹھنے کے کامیاب تجربات کرچکا ہے اور اب فرانس بھی اس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی جنگ کیلئے دوسرے ممالک سے رقوم حاصل کرنے کا طالب ہے لیکن ابھی تک اس سے کوئی ٹھوس وعدے نہیں کیے گئے ہیں۔
.....
/169