22 جنوری 2013 - 20:30

مجلس وحدت مسلمین نے بلوچستان میں امن وامان کی ابتر صورتحال پر 29 جنوری کو کوئٹہ میں کل جماعتی کانفرنس بلالی ہے۔ جس کو آل پارٹیز امن کانفرنس کا عنوان دیا گیا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کیلئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

ابنا: کانفرنس کے کوآرڈینیٹر و ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نےز کو رابطہ کرنے پر بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے اور امید ہے کہ اس کانفرنس میں اچھی شرکت دیکھنے کو ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اس کے علاوہ بی این پی مینگل کے رہنما میر اکبر، جماعت اسلامی بلوچستان کے رہنماء عبدالمتین اخونزادہ، جمعیت اہل حدیث کے رہنماء نجیب اللہ اور جمہوری وطن پارٹی کے سابق سیکرٹری اطلاعات میر عبدالرؤف نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیو ایم کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائیگی۔ علامہ مقصود ڈومکی کا کہنا تھا کہ کانفرنس کا مقصد صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر تمام پارٹیز کا مشترکہ موقف حاصل کرنا اور دہشتگردی کیخلاف متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائیگا۔

.......

/169