21 جنوری 2013 - 20:30

روس کے کسی وزیر داخلہ کا 33 سال بعد پہلی بار دورہ اسلامی جمہوریہ ایران؛ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ سے تہران میں ملاقات۔

ابنا: ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر داخلہ مصطفی محمد نجار نے اپنے روسی ہم منصب سے ہونے والی ملاقات میں کہا کہ تہران اور ماسکو کے درمیان بین الاقوامی دہشتگردی ،انسداد منشیات اور بہت سے دوسرے مسائل میں قریبی تعاون ہے ۔
واضح رہے کہ یہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے 33 سال بعد پہلی باری کسی روسی وزیر داخلہ کا دورہ تہران تھا۔
مصطفی محمد نجار نے ولادیمیر کولوکولٹسف سے ہونے والی ملاقات میں ایران کے خلاف امریکہ اور مغرب کی یکطرفہ پابندیوں کے خلاف روس کے موقف کو سراہتے ہوئے ایٹمی ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کےلئے ماسکو کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے حق کی حمایت کی قدردانی کی۔
اس ملاقات میں روس کے وزیر داخلہ نے بھی ایران اور روس کے مد مقابل مشترکہ چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ منشیات ،بین الاقوامی دہشتگردی اور انسانی اسمگلنگ جیسے جرائم کی روک تھام کےلئے فوری اقدام کی ضرورت ہے۔
روس کے وزیرداخلہ ولاڈیمیر کولوکولٹسف کل پیر کو ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے  ۔ یہ دورہ ،اسلامی انقلاب کے بعد کسی روسی وزیر داخلہ کا پہلا دورہ تہران ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110

بشکریہ از ریڈیو تہران