ابنا: اسرائيلی جیل ایشل میں فلسطینی قیدیوں نے متعدد فلسطینیوں کی قید تنہائی کا سلسلہ جاری رکھے جانے کے خلاف اعتراض کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی ہے۔ اس سلسلے میں سنہ انیس سو اڑتالیس کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے جنوب میں واقع ایشل جیلمیں قید فلسطینیوں نے قیدیوں کے ساتھ صیہونی حکومت کے تشدد آمیز اور غیر انسانی سلوک کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی ہے۔ نام نہاد خود مختار فلسطینی انتظامیہ میں فلسطینی قیدیوں اور صیہونی قید سے آزادی پانے والوں کے امور سے متعلق وزارت نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں آیا ہے کہ ایشل جیل میں قید فلسطینیوں نے جمعرات کو دوسرے دن بھی اپنی بھوک ہڑتال جاری رکھی اور جیل کے حکام کی جانب سے ان کو جو کھانا پیش کیا گيا وہ انھوں نے واپس کردیا۔ فلسطینی قیدیوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات تسلیم کۓ جانے تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔ بیان میں مزید آیا ہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں فلسطینی قیدیوں اور ان سے ملاقات کے لۓ آنے والوں کی بدستور توہین آمیز جامہ تلاشی لی جاتی ہے جس پر فلسطینی قیدیوں کر اعتراض ہے۔ فلسطینی قیدیوں کے لۓ کام کرنے والی مختلف فلسطینی اور عالمی تنظیموں کی مختلف رپورٹوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے تشدد آمیز واقعات کا نیا مرحلہ شروع ہوگيا ہے۔صیہونی حکومت کی تشدد آمیز پالیسیوں پر رائے عامہ کوتشویش لاحق ہے اور دنیا بھر کے لوگ یہ توقع کر رہے ہیں کہ صیہونی حکومت کے خلاف ٹھوس اقدامات کے ذریعے فلسطینی قیدیوں پر روا رکھے جانے والے تشدد کی روک تھام کی جائے گی۔یاد رہے کہ صیہونی حکومت کی جیلوں میں پانچ ہزار سے زیادہ فلسطینی قید ہیں جن کو انتہائي ابتر صورتحال کا سامنا ہے۔ صیہونی حکومت فلسطینی قیدیوں پر طرح طرح کے مظالم روا رکھتی ہے اور ان پر خطرناک قسم کے کیمکلز اور دواؤں کے تجربات کرتی رہتی ہے جس کے باعث اب تک سیکڑوں فلسطینی شہید جبکہ دسیوں مختلف لاعلاج بیماریوں میں مبتلاء ہوچکے ہیں۔ صیہونی حکومت رائے عامہ کے نزدیک اپنے مظالم کے فاش ہونے کے خوف سے ان جیلوں کے معائنے کی اجازت بھی نہیں دیتی ہے جن میں فلسطینی قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔ صیہونی حکومت فلسطینی علاقوں پر وسیع پیمانے پر حملے کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کو قید کر کے اور ان کو ابتر حالت میں رکھ کر ان کی تدریجی موت کا مقصد حاصل کرنے کے درپے ہے۔بلاشبہ عالمی برادری کی جانب سے صیہونی حکومت کے خلاف ٹھوس کارروائی نہ کۓ جانے کے باعث یہ حکومت فلسطینی قیدیوں سمیت فلسطینی باشندوں پر مظالم ڈھانے کے سلسلے میں زیادہ جری ہوگئي ہے۔ ایسی صورتحال میں صیہونی جیلوں میں قید فلسطینی بھوک ہڑتال کے ذریعے دنیا والوں تک اپنی مظلومانہ فریاد پہنچانے کے لۓ کوشاں ہیں۔......./169
17 جنوری 2013 - 20:30
News ID: 382709
اسرائيلی جیل ایشل میں فلسطینی قیدیوں نے متعدد فلسطینیوں کی قید تنہائی کا سلسلہ جاری رکھے جانے کے خلاف اعتراض کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی ہے۔