19 اکتوبر 2012 - 20:30

لاہور میں سید شاکر علی رضوی ایڈووکیٹ کی شہادت پر سربراہ شیعہ علماء کونسل نے اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور آئے روز دہشتگردی و ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں سے لگتاہے کہ ملک میں عملاً دہشتگردوں کا راج ہے۔

ابنا: ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے لاہور ہائیکورٹ کے سینئر وکیل سید شاکر علی رضوی ایڈووکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار اور اس ظلم و بربریت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کر دیا گیا ہے، ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں، وکلاء، ججز اور سکول کے طالب علموں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے جمعہ کی صبح عدالت جاتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کے سینئر وکیل سید شاکر علی رضوی ایڈووکیٹ کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے اور آئے روز دہشت گردی و ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں سے لگتا ہے کہ ملک میں عملاً دہشت گردوں کا راج ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قاتلستان میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور ملک میں گورننس نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ججز، وکلاء، مسافروں اور سکول کے معصوم طالب علموں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے۔

انہوں نے مذکورہ واقعہ پر حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر اس واقعہ میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشتگردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اسوقت تک ملک میں امن و امان قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے سید شاکر علی رضوی کی شہادت پر ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی جبکہ لواحقین سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہیں۔

.....

/169