11 ستمبر 2012 - 19:30

جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے ابتدائی اجلاسوں میں مختلف ممالک خصوصا بحرین میں انسانی حقوق کے جائزے کا آغاز ہوچکا ہے لیکن اس کے باوجود تمام رپورٹوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ابنا: خطے کے پرنٹ میڈیا نے لکھا ہے کہ حالیہ دنوں میں بارہ سے زیادہ دیہاتوں کو زہریلی گيسوں کے حملوں کا نشانہ بنایا گيا۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب بحرین میں پرامن  مظاہرین پر آل خلیفہ کے کارندوں کے حملوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ مظاہرین مسلسل    آل خلیفہ کے کارندوں کی فائرنگ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ اور اپنے زخموں کا علاج کروانے کے لۓ ان ایسے ہسپتالوں میں ایڈمٹ ہونا پڑتا ہے جو چھاؤنی سے مشابہت رکھتے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں نہ صرف زخمیوں کا علاج نہیں کیا جاتا ہے بلکہ ان میں سے بعض کو جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ڈیڑہ سال سے زیادہ کا عرصہ ہوچکا ہے کہ آل خلیفہ کی حکومت عوام کے جائز مطالبات کا جواب گولیوں اور قید کی صورت میں دے رہی ہے۔حالیہ ڈیڑہ سال کے عرصے میں بحرین کی حکومت اور امریکہ کے درمیان مزید فوجی معاہدے ہوئے ہیں۔ اور واشنگٹن نے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی حمایت پر تاکید کی ہے۔ برطانیہ نے بھی آل خلیفہ کی حکومت کے سلسلے میں یہی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔بہت سے سیاسی حلقوں کا کہنا ہےکہ انہی حمایتوں کی وجہ سے آل خلیفہ کی حکومت اپنی اختیار کردہ پالیسیوں کے سلسلے میں زیادہ جری ہوئي ہے۔ ان حلقوں کے نزدیک بحرین میں امریکہ اور برطانیہ کے گرین سگنل کی وجہ سے عوام پر تشدد کیا جارہا ہے۔   بحرین کی الوفاق تحریک کی کونسل کے ایک سابق رکن ابراہیم مدہون نے کہا ہےکہ امریکہ اور برطانیہ سمیت بعض ممالک عالمی تنظیموں میں آل خلیفہ کی حکومت کی مذمت کۓ جانے کی راہ میں اب تک رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ ابراہیم مدہون نے مزید کہا کہ شریف بسیونی کی زیر قیادت  تحقیقاتی کمیٹی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق تقریبا ایک سو چھہتر درخواستیں دی جا چکی ہیں حتی اس کمیٹی نے بحرین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا اعتراف بھی کیا ہے لیکن اس کے باوجود منامہ حکومت پر عالمی دباؤ کے آثار دکھائي نہیں دیتے ہیں۔ جس سے نام نہاد انسانی حقوق کے تحفظ کا دعوی کرنے والی عالمی تنظیموں  کی ماہیت کی نشاندہی ہوتی ہے۔اس سب کے باوجود بحرین کے عوامی اور سیاسی گروہوں نے تاکید کی ہےکہ اس ملک میں انقلابی تحریک ختم نہیں ہوگي بحرین کی الوفاق تحریک نے بھی اس ملک کے تمام عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چودہ ستمبر کو جمہوریت  پر اصرار کے نام سے منائے جانے والے جمعے کے دن سارے ملک  میں کۓ جانے والے مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں۔......./169