4 ستمبر 2012 - 19:30

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں ہزارہ برادری کاقتل ِ عام فرقہ پرست اسلام اور ملک دشمن عناصر کی کارستانی ہے جس پر حکومتی اور عدلیہ کی خاموشی ملک میں عدل وانصاف کی یکساں فراہمی پر سوالیہ نشان ہے۔

ابنا: کوئٹہ میں ملت جعفریہ کے رہنمائوں علامہ جمعہ علی اسدی، علامہ مہدی نجفی اور علامہ اکبر زاہدی سمیت دیگر علماء کرام کے ایک نمائندہ وفد کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے ہزارہ برادری کے سردار سعادت علی ہزارہ سے ملاقات کی جبکہ شہداء کے خانوادوں سے تعزیت و یکجہتی کیلئے مختلف علاقوں کے خصوصی دور ے بھی کیے۔ اس موقع پر علامہ عارف حسین واحدی نے اپنے مختلف مقامات پر خطابات میں علامہ سید ساجد علی نقوی کے اعلان کے مطابق ملت جعفریہ کی تقدیر کا فیصلہ جلد اسلام آباد میں کرنے سے آگاہ کرتے ہوئے ہزارہ برادری کو یقین دلایا کہ وہ تنہا نہیں بلکہ ملک بھر کی ملت جعفریہ اُن کے پے در پے قتل عام پر غمزدہ اور اُنکے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ اور یہی وجہ ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے حالیہ اور سابقہ واقعات پر یوم سوگ کا اعلان بھی کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ملت تشیع کے خلاف ٹارگٹ کلینگ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کی جارہی ہے تاکہ مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کر کے اسلام دشمن قوتوں کے مفادات کو تقویت پہنچائی جائے اور ملک و اسلام دشمن قوتیں اپنے آلہ کاروں کے ذریعے انہی مکروہ عزائم کی تکمیل کیلئے ٹارگٹ کلینگ کے واقعات رونما کر رہے رہیں ۔ جبکہ حکومت کی خاموشی اور عدلیہ کا نوٹس نہ لینے کی روش نے ان دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے ۔ تاہم اُنہوں نے واضح کیا کہ اب وقت آن پہنچا ہے کہ ملت جعفریہ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود اسلام آباد میں کریں ۔ علامہ عارف واحدی نے ہزارہ برادری سے بھی قومی دہارے میں کردار ادا کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی کی اسلام آباد کی کال پر بھرپورشرکت کی اُمید ظاہر کی ۔ جس پر ہزارہ قبیلہ کے سربراہ سردارسعادت علی ہزارہ اور دیگر قومی رہنمائوں نے بھی شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

.....

/169