27 اگست 2012 - 19:30

ہندوستان کے وزیر دفاع اے کے انٹونی نے سیاچن سے فوجی انخلاء سے متعلق رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان نے سیاچن مسئلے کے فوری حل کے لئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ابنا: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق لوک سبھا میں ایک تحریری جواب میں ہندوستان کے وزیر دفاع نے سیاچن معاملے کو حساس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس معاملے پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ملک اس معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کے خواہشمند ہے ۔ہندوستان کے وزیر دفاع نے ایوان کو بتایا 1984ءسے لیکر اب تک سیاچن گلیشئیر میں 846 فوجی جوان اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 11-12جون 2012ءکو پاک- ہند سیکرٹریز دفاع کے مابین سیاچن کے معاملے پر مذاکرات کے 13ویں دور کے دوران دونوں فریقین نے معاملے کے قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ، پائیدار اور نتیجہ خیز کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر دونوں ممالک نے بات چیت کے سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ لیا ہے اور امید ہے کہ بات چیت کے ذریعے ہی اس معاملے کا حل تلاش کیا جائے گا۔ہندوستان کے وزیر دفاع نے سیاچن گلیشئیر سے فوجی انخلاءکی رپورٹس کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

.....

/169