ابنا: ان اراکین پارلیمنٹ نے صدر حامد کرزئي سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوئی جرگہ بلائيں جس میں افغانستان کے باشندوں پر امریکہ اور نیٹو کے فوجیوں کے حملوں کو روکنے کے موثر طریقہ کار کا جائزہ لیا جائے۔
افغانستان کے صوبہ ہرات سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ محمد شاہ بہادری نے حکومت کی جانب سے افغان شہریوں کے قتل عام کے سلسلے میں بے اعتنائي برتے جانے پر تنقید کی ہے۔
واضح رہے کہ افغانستان میں امریکی ڈرون حملے امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کرواتی ہے اور یہ ایجنسی افغانستان کے علاوہ پاکستان ، صومالیہ اور یمن میں بھی حملوں کے لۓ ڈرون طیاروں کو استعمال کرتی ہے۔
امریکہ مدعی ہےکہ ان ممالک میں یہ حملے دہشتگردوں پر کیا جاتے ہیں حالانکہ امریکہ کے ڈرون طیاروں میں مارے جانے والے زیادہ تر عام شہری ہوتے ہیں۔
افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ کا کہنا ہےکہ چونکہ افغانستان کی حکومت اور فوج افغانستان کے مختلف علاقوں میں عام شہریوں پر امریکہ کے فضائی حملوں کو روکنے پر یا تو قادر نہیں ہے یا اس سلسلے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اس لۓ ان حملوں کو روکنے کے لۓ عملی راہ حل تلاش کرنے کے مقصد سے لوئي جرگہ بلایا جانا ضروری ہے۔
اگرچہ افغانستان کی حکومت اور اس ملک میں تعینات نیٹو فوجیوں کی کمانڈ نے خود سرانہ اور راتوں کے وقت کے حملوں کےاجتناب کے لۓ ایک معاہدے پر دستخط کۓ ہیں۔ لیکن امریکی اور نیٹو کے فوجی نہ صرف اس معاہدے کو اہمیت نہیں دیتے ہیں بلکہ انھوں نے دہشتگرد گروہوں سے مقابلے کے بہانے عام شہریوں پر اپنے حملوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ جس کی وجہ سے ان حملوں کے خلاف افغان عوام کی نفرت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اسی نفرت کی وجہ سے افغانستان کے پولیس اہلکار یا عام افراد پولیس کی وردی پہن کر امریکہ اور نیٹو کے فوجیوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنانے لگے ہیں اور یہ چیز امریکہ اور نیٹو کے لۓ باعث تشویش بن چکی ہے۔
اس لۓ افغانستان پر قبضے کے اس ملک کے عوام اور خود مختاری پر مرتب ہونے والے منفی نتائج کے پیش نظر افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ نے عمائدین کے اجلاس اور لوئی جرگے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ افغان شہریوں پر امریکہ اور نیٹو کے حملوں کی روک تھام کے لۓ کوئي بنیادی حل تلاش کیا جا سکے کیونکہ قابضوں نے دہشتگردی اور بدامنی سے نام نہاد مقابلے کے بہانے افغانستان پر حملہ کیا تھا اور اب وہ خود اس ملک میں بدامنی کا سب سے بڑا باعث بن چکے ہیں۔
اس لۓ افغانستان کے اراکین پارلیمنٹ کے نزدیک افغانستان کا سب سے بڑا مسئلہ قابضوں کے جرائم و مظالم کا تسلسل ہے جس کے لۓ لوئي جرگہ بلایا جانا بہت ضروری ہے اور افغانستان کی حکومت کو لوئي جرگہ بلا کر افغانستان کے عام شہریوں پر امریکہ اور نیٹو کے حملوں کے خاتمے کی فوری طور پر کوشش کرنی چاہۓ۔
.......
/169