ایران کے ہرچھوٹے بڑے شہر اور قریے میں مسجدوں ،امام بارگاہوں اور علماو مراجع کرام کے گھروں میں مجالس عزا کا سلسلہ ماہ مبارک رمضان کی انیسویں تاریخ ہی سے شروع ہوگيا تھا جو آج صبح جاکر اختتام پذیر ہوا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلیفہ بلافصل کی شہادت کے دن کی مناسبت سے مشہد میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم مقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ ہائے اقدس پر لاکھوں زائریں موجود تھے جنہوں نے امام الاولین و لآخرین کے سوگ میں نوحہ خوانی اور سینہ کوبی کی۔ عراق سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عراق کے شہر نجف اشرف میں حضرت امیرالمومنین کے روضہ اقدس پر دسیوں لاکھ زائرین کا مجمع تھا جنہیں مولائے کائنات کا عشق و عقیدت انہیں دنیا کے کونے کونے سے یہاں کھینچ کے لایا تھا۔ نجف میں دسیوں لاکھ زائرین کی حفاظت کے لئے مکمل سکیوریٹی انتظامات کئے تھے۔ یاد رہے اھل بیت نبوت وعصمت و طہارت علیھم السلام کے عقیدت مندوں کو ہمیشہ جاہل تکفیری گروہوں کی دہشتگردی کا خطرہ لاحق رہتا ہے تاہم عراقی حکومت کی تدابیر سے ان خطروں کا سدباب کردیا گیا ہے۔ ادھر شام و لبنان میں بھی عقیدت مندان بیت وحی نے پروردہ آغوش رسالت کی شہادت کے دن کی مناسبت سے سوگ منایا۔ شام میں بنت علی سلام اللہ علیھا کا روضہ اقدس ولایت و امامت کے شیدائیوں کا مامن بنا ہوا تھا۔ ادھر پاکستان میں بھی آج مولائے کائنات امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا سوگ روایتی جوش و جذبے سے منایاجارہا ہے اور کراچی میں شدید حفاظتی انتظامات کے تحت یوم علی کی مرکزی مجلس نشتر پارک میں ہوئي جس کے بعد جلوس برامد ہوا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں یوم شہادت حضرت امیرالمومنین علیہ السلام کی مناسبت سے ماتمی جلوس نکالے گئے۔ ملتان میں یوم علی پر بارہ بڑے جلوس نکالے جاتے ہیں۔ ہندوستان میں کل اکیس ماہ مبارک رمضان ہے۔













































.....
/169