ابنا: پیپلز پارٹی سینٹرل سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل رضا عابدی نے کہا کہ چیف جسٹس انصاف کے تقاضوں پر پورے نہیں اتر رہے، وہ یکطرفہ انصاف کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس اور ان کے ساتھی ججز نے پی سی او کا حلف اٹھا کر سب سے بڑا گناہ کیا اور اس گناہ کو پارلیمنٹ نے صاف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت سے پارلیمنٹ سپریم ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنماء نے چیف جسٹس کی ذات کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ارسلان افتخار کی کمپنیوں کے تمام بینک اکائونٹس چیف جسٹس کے گھر سے آپریٹ ہوتے رہے تو پھر بھی چیف جسٹس کہتے ہیں کہ انہیں کچھ پتہ نہیں تھا۔
فیصل رضا عابدی نے اس حوالے سے میڈیا کو تحریری ثبوت دکھاتے ہوئے کہا کہ ارسلان افتخار نے تمام اکائونٹس اور کمپنیاں اپنے ماموں کے نام دبئی اور برطانہ منتقل کر دیئے ہیں لیکن وہ دبئی اور برطانیہ جا کر بھی اس کی تفتیش کریں گے۔
انہوں نے حلف اٹھا کر کہا کہ اعتزاز احسن نے چھ ماہ پہلے ہی چیف جسٹس کو ارسلان افتخار کے معاملے پر سب کچھ بتا دیا تھا تو پھر چھ ماہ تک چیف جسٹس کوئی کمیشن قائم کرنے کی بجائے کیوں خاموش رہے۔ انہوں نے چیف جسٹس کو پاکستان کی سالمیت کے لئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس ایک میجر جنرل کو تو عدالت میں کھڑا کرکے اس کی تذلیل کرتے رہتے ہیں لیکن بڑے بڑے دہشتگردوں کو رہا کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت پر جرائم پیشہ افراد کا قبضہ ہے.
.......
/169