4 جولائی 2012 - 19:30

شام کے اسپیکر نے صدر ممالک ڈاکٹر احمدی نژاد سے جمعرات کی رات تہران میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ علاقے کی قوموں کے دشمنوں نے صہيونی رياست کو بچانے کے لئے اپنے سارے وسائل و ذرائع استعمال کرنا شروع کردئے ہیں۔

ابنا: صدر جناب احمدی نژاد نے شام کے اسپیکر محمد جہاد اللحام سے ملاقات میں کہا کہ سامراجی مستکبرین علاقے پر دوبارہ قابض ہونے کے لئے اپنی تمام تر طاقت استعمال کررہے ہیں تاکہ صیہونی حکومت کو نابودی سے بچالیں۔ انہوں نے کہا کہ صہيونی رياست نابودی کی طرف بڑھ رہی ہے لیکن علاقے کی قوموں کے دشمن اس کو نجات دینے کی بھر پور کوشش کررہے ہیں۔

صدر احمدی نژاد نے کہا کہ بڑے افسوس کا مقام ہےکہ علاقے کی بعض حکومتوں نے اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے کچھ دنوں اور اقتدار میں رہنے کی غرض سے صہيونی رياست سے خفیہ رابطے قائم کرلئے ہیں۔ صدر جناب احمدی نژاد نے کہا کہ تسلط پسند ملکوں کی جانب سے جمہوریت کی بحالی اور آزادی و احترام کے بارے میں دعوے سفید جھوٹ ہیں کیونکہ امریکہ صرف اپنے مفادات کی فکر میں ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ یہ علاقے کی قوموں منجملہ شام کی قوم کا حق ہے کہ وہ بیرونی مداخلت کے بغیر اپنا حق خودارادیت استعمال کرے۔ اس ملاقات میں محمد اللحام نے ایران اور شام کے بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شام اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات میں مزید استحکام لانا چاہتا ہے۔ شام کے اسپیکر اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام سے گفتگو کی غرض سے ہفتے کے دن تہران پہچنے تھے۔  ........

/169