24 جون 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سعید جلیلی نے کہا ہے کہ ایران فلسطین کی حمایت کرنا اپنا شرعی فریضہ سمجھتا ہے۔

ابنا: سعید جلیلی نے آج تہران میں عوامی محاذ برائے آزادی فلسطین کے سیکریٹری جنرل ماہر طاہر سے ملاقات میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطین کی حمایت اور صیہونی حکومت کے خلاف جد و جہد کو اپنا شرعی فریضہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران فلسطین اور دنیا کے کسی بھی مقام میں صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت کی حمایت کرتا ہے۔ سعید جلیلی نے کہا کہ فلسطین عالم اسلام سےتعلق رکھتا ہے اور علاقائي ملکوں میں اسلامی بیداری فلسطینی استقامت اور ارض فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کرنے کا مناسب موقع ہے۔ عوامی محاذ برائےآزادی فلسطین کے سربراہ نے ایٹمی شعبے میں ایران کی پیشرفت کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ دس لاکھ مریضوں کی ضرورتوں کو پورا کرنے کےلئے بیس فیصد تک یورینیم کی افزودگي میں کامیابی حاصل کرلینا مغرب کے غیر دانشمندانہ مطالبات کے سامنے ایران کی استقامت کا ثمرہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی کاز کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عرب ملکوں میں اسلامی بیداری صیہونی چنگل سے فلسطین کی آزادی پر منتج ہوگی۔ انہوں نے صیہونی حکومت کے خلاف جاری استقامت میں شام کے بنیادی کردار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے شام کے خلاف امریکہ اور صیہونی حکومت کی سازشوں پر تشویش کا اظہار کیا۔......./169