ابنا: آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور دفاعی تجزیہ نگار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود بلیک واٹر کے ہزاروں ایجنٹ مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی کارروائیوں میں ملوث ہیں، مسلمانوں کے درمیان اختلافات سے کوئی انکار نہیں کر سکتا، تاہم حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان اختلافات کو پس پشت ڈال کر متحد ہونا ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں منعقدہ انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ آج ہم ایسے دوراہے پر کھڑے ہیں جہاں ایک طرف عزت اور دوسری طرف رسوائی ہے، راستے کا انتخاب ہمیں خود کرنا ہوگا، مغرب نے اسلام کو اپنا دشمن سمجھ رکھا ہے اور درحقیقت اسلام ہی ان کے نظام کے خلاف کھڑا ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 6 روز قبل شکاگو کانفرنس میں امریکہ اور اس کے حواریوں نے افغانستان میں اپنی شکست تسلیم کرلی ہے، میں پہلے بھی کہتا تھا اور اب بھی کہتا ہوں کہ نائن الیون امریکہ کا بہانہ، افغانستان ٹھکانہ اور پاکستان نشانہ ہے، انہوں نے کہا کہ آج عالم اسلام کی کامیابی کا بہترین موقع ہے، اس موقع سے اتحاد کے ذریعے ہی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، یہ موقع آئندہ پانچ سو سالوں میں بھی دوبارہ نہیں آئے گا، انہوں نے کہا کہ آج ہم نے ایک دوسرے کو معاف نہ کیا تو ہمیں دشمن سے معافی مانگنا ہوگی، ہمیں اپنے دشمنوں امریکہ، بھارت اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
/110